ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی کا این ڈی اے حکومت پر حملہ: جموں و کشمیر میں امن و امان کی تمام پالیسیاں ناکام

راہل گاندھی کا این ڈی اے حکومت پر حملہ: جموں و کشمیر میں امن و امان کی تمام پالیسیاں ناکام

Sat, 26 Oct 2024 10:51:20  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 26/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جموں و کشمیر کے گلمرگ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکزی حکومت، خاص طور پر این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ این ڈی اے حکومت کی پالیسیاں سیکیورٹی اور امن برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہیں، اور اس معاملے میں حکومت کی جوابدہی طے ہونی چاہیے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ حکومت کو فوجی جوانوں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’جموں و کشمیر کے گلمرگ میں فوجی گاڑی پر بزدلانہ حملہ میں ہمارے بہادر فوجیوں کی شہادت کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔ حملے میں دو پورٹرس کی بھی جان چلی گئی۔ میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور غمزدہ کنبوں کے تئیں گہری ہمدردی ظاہر کرتا ہوں۔‘‘

’ایکس‘ پوسٹ میں مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ ’’مرکز کی این ڈی اے حکومت کی پالیسیاں جموں و کشمیر میں سیکورٹی اور امن قائم کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہیں۔ ان کے دعووں کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ خطہ مستقل دہشت گردانہ سرگرمیوں، ہمارے جوانوں پر حملوں اور شہریوں کے قتل کے سبب خطرے کے سایہ میں جی رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’حکومت کو فوراً جوابدہی لینی چاہیے اور جلد از جلد وادی میں امن بحال کر فوج و شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔‘‘

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی جمعرات کو گلمرگ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ پر افسوس ظاہر کیا۔ انھوں نے حملے میں جان و مال کے نقصان پر کہا کہ دہشت گردانہ عمل کے لیے جتنی بھی مذمت کی جائے وہ ناکافی ہے۔ جموں و کشمیر کے گلمرگ میں دہشت گردانہ حملے میں 2 جوانوں کی شہادت کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔ پرینکا گاندھی نے غمزدہ کنبوں کے تئیں اظہارِ ہمدردی بھی کیا اور ساتھ ہی زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔


Share: